ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کانگریس میٹنگوں میں غیر حاضر رہنے والوں کے خلاف کارروائی: دنیش گنڈو راؤ

کانگریس میٹنگوں میں غیر حاضر رہنے والوں کے خلاف کارروائی: دنیش گنڈو راؤ

Sun, 12 Feb 2017 11:03:32    S.O. News Service

بنگلورو،11؍فروری(ایس او نیوز) کانگریس پارٹی کی طرف سے منعقد ہونے والی میٹنگوں اور پروگراموں میں غیر حاضر رہنے والے پارٹی عہدیداروں ، کارپوریٹرس ، بورڈ کارپوریشن چیرمینس ، محاذی تنظیموں کے سربراہان وغیرہ اگر غیر حاضر رہیں گے تو ان کی ایک فہرست تیار کی جائے گی اور ان کے خلاف تادیبی کارروائی کیلئے نوٹس جاری کی جائے گی ، یہ بات آج کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی کے کارگذار صدر دنیش گنڈو راؤ نے کہی۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی کے پروگراموں ، میٹنگوں وغیرہ میں جو کارکن ، عہدیدار اور دیگر غیر حاضر رہیں گے انہیں سخت وارننگ دی جائے گی کہ آئندہ اس طرح کی بدنظمی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی کے تمام ضلعی صدور کو بھی ہدایت دی جائے گی کہ غیر حاضر قائدین کی فہرست تیار کرکے ان کے خلاف کارروائی آگے بڑھائی جائے ۔ شہر کے پیالیس گراؤنڈ میں منعقدہ جن ویدینا سماویش میں پارٹی کے لیڈران ، عہدیداران ، بورڈ ز اور کارپوریشنوں کے چیرمینوں وغیرہ کی غیر حاضری پر سخت اعتراض کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آنے والے دنوں میں اگر یہی روایت برقرار رہی تو اسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی سے جو لوگ وفاداری کریں گے اقتدار بھی انہی کو ملے گا۔کارپوریٹرس، پارٹی عہدیداران ، سرکاری بورڈز اور کارپوریشنوں کے چیرمین وغیرہ صرف برائے نام رہیں تو بے سود ہے۔ وزیر اعلیٰ سدرامیا پر ریاستی بی جے پی صدر یڈیورپا کے اس الزام پر کہ کرسی سے چپکے رہنے کیلئے سدرامیا نے کانگریس اعلیٰ کمان کو ایک ہزار کروڑ روپے ادا کئے، دنیش گنڈو راؤ نے تبصرہ کرتے ہوئے اسے بے ہودہ اور من گھڑت قرار دیا، اور کہاکہ وزیراعلیٰ کے عہدہ پر رہ چکے یڈیورپا کو یہ سمجھ نہیں ہے کہ کس ذمہ داری کے ساتھ بیان بازی کی جانی چاہئے۔ اقتدار سے محرومی کی مایوسی کے عالم میں وہ بڑبڑانے لگے ہیں۔ اس طرح کے بے بنیاد الزامات لگاکر ریاست کے عوام کو گمراہ کرنے میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ دنیش گنڈو راؤ نے مرکزی حکومت کی طرف سے عائد نوٹ بندی کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں عوام کو درپیش مشکلات سے مرکزی ارباب اقتدار کو آگاہ کرنے کیلئے جابجا پدیاترا کی جائے، عوام میں اس سلسلے میں بیداری لائی جائے، ہر اسمبلی حلقہ میں اس طرح کی بیداری ضروری ہے۔ پروگرام میں ریاستی وزراء کے جے جارج ، ایم کرشنپا ، پارٹی لیڈران بی ایل شنکر ، پروفیسر بی کے چندر شیکھر وغیرہ موجود تھے۔ وزیر ترقیات بنگلور کے جے جارج نے اس موقع پر یڈیورپا کو چیلنج کیا کہ سدرامیا پر ایک ہزار کروڑ روپے اعلیٰ کمان کو دینے کا جو الزام انہوں نے لگایا ہے اسے ثابت کریں۔ اس سلسلے میں ان کے پاس جو بھی ثبوت ہیں وہ منظر عام پر لائیں یا پھر غیر ضروری طور پر اس طرح کے گمراہ کن بیانات کیلئے معافی مانگیں۔ یڈیورپا کو ریاست کے ایک قد آور سیاست دان تصور کیا جاتاہے، اس طرح کے بیہودہ بیانات سے وہ اپنے وقار کو مجروح نہ کریں۔


Share: